
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں مینٹورز کی کارگردگی کا جائزہ لیا گیا اور انہیں عہدوں سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق جن مینٹورز کو علیحدہ کیا گیا ہے ان میں وقار یونس، شعیب ملک، ثقلین مشتاق، مصباح الحق اور سرفراز احمد شامل ہیں تاہم مصباح الحق اور سرفراز احمد کو پی سی بی میں جلد نئی اور اہم ذمہ داریاں سونپے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب سابق کپتان شعیب ملک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر تصدیق کی ہے کہ انہوں نے خود مینٹور شپ سے استعفیٰ دیا ہے اور یہ فیصلہ انہوں نے دو ہفتے قبل تحریری طور پر پی سی بی کو ارسال کیا تھا۔
شعیب ملک کا کہنا تھا کہ، ’’یہ فیصلہ میرے لیے آسان نہیں تھا لیکن ذاتی مصروفیات اور دیگر ذمہ داریوں کی بنا پر میں اپنی ذمہ داری احسن انداز میں نبھا نہیں پا رہا تھا اس لیے میں نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’میرے نزدیک یہ فیصلہ درست وقت پر کیا گیا اور میں چیئرمین پی سی بی اور تمام کرکٹ شائقین کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہمیشہ مجھے سپورٹ کیا۔‘‘
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پی سی بی ملک میں کرکٹ سسٹم کو مؤثر بنانے کے لیے اصلاحات کے عمل سے گزر رہا ہے اور ممکنہ طور پر نئی حکمت عملی کے تحت سابق کھلاڑیوں کو مختلف شعبوں میں فعال کردار دیا جائے گا۔