
نیوزی لینڈ کرکٹ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ کیوی کپتان ٹام لیتھم پریکٹس سیشن کے دوران دائیں ہاتھ پر گیند لگنے سے انجرڈ ہو گئے جس کی وجہ سے وہ پاکستان کے خلاف 3 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کا حصہ نہیں ہوں گے، ڈاکٹرز نے انہیں چار ہفتوں کے آرام کی تجویز دی ہے۔
کیوی بورڈ نے بتایا ہے کہ ہنری نکلز ٹام لیتھم کی جگہ نیوزی لینڈ سکواڈ کو جوائن کریں گے جبکہ ٹی 20 سیریز کی طرح ون ڈے فارمیٹ میں بھی مائیکل بریسویل ہی ٹیم کے کپتان ہوں گے جبکہ ون ڈے سیریز میں مچ ہے بطور وکٹ کیپر ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
نیوزی لینڈ کے کوچ گیری اسٹیڈ نے ون ڈے سیریز کے لیے ٹام لیتھم سے محروم ہونے کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں،ٹام لیتھم کی غیر موجودگی میں بھی ٹیم کی قیادت مائیکل بریس ویل کے محفوظ ہاتھوں میں ہے جو ٹی 20 میں اپنی قائدانہ صلاحیتیں ثابت کرچکے ہیں۔
علاوہ ازیں نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق ول ینگ بھی صرف پہلے ون ڈے میں سکواڈ کا حصہ ہوں گے، وہ بچے کی متوقع ولادت پیش نظر بقیہ میچز نہیں کھیلیں گے، ول ینگ کی جگہ رہیز ماریو کو سکواڈ میں شامل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز 29 مارچ سے شروع ہو گی، دونوں ٹیمیں پہلے ون ڈے میچ میں نیپیئر میں مدمقابل آئیں گی جبکہ سیریز کے دیگر میچز 2 اور 5 اپریل کو کھیلے جائیں گے۔
یاد رہے کہ میزبان نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف 5 میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز 1-4 سے اپنے نام کی ہے۔