
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر بلے باز صائم ایوب برطانیہ میں اپنا ری ہیب مکمل کر کے لاہور واپس آگئے ہیں، جہاں ان کا قومی کرکٹ اکیڈمی میں فٹنس ٹیسٹ ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ذرائع کے مطابق صائم ایوب کی فٹنس کی حالت میں بہتری آئی ہے، اور وہ اب اپنی مکمل صحتیابی کے قریب ہیں۔
یاد رہے کہ صائم ایوب جنوری میں اپنے ٹخنے میں فریکچر کا شکار ہوئے تھے، جس کے بعد وہ لندن میں علاج کروانے گئے تھے۔ پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر ان کا علاج کیا گیا۔ اب برطانیہ سے آنے والی رپورٹس کے مطابق ان کی حالت حوصلہ افزا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ صائم ایوب کی پاکستان سپر لیگ میں شمولیت ان کی فٹنس سے مشروط ہے، اور وہ قومی ٹیم میں جگہ بنانے کیلئے فٹنس ٹیسٹ میں کامیاب ہونے کے بعد کھیلنے کے اہل ہوں گے۔
واضح رہے کہ صائم ایوب کراچی میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ عید منائیں گے۔
دوسری جانب ان کی مکمل صحتیابی کے بعد کرکٹ کے میدان میں ان کی واپسی کی توقع کی جا رہی ہے۔