
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے پوچھے گا کہ اختتامی تقریب میں سی ای او سمیر احمد سید کو کیوں نہیں بلایا گیا حالانہ چیمپئِنز ٹرافی کے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اور پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید فائنل میچ کے دوران دبئی میں ہی موجود تھے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی اختتامی تقریب دبئی میں منعقد ہوئی تھی جہاں چیمپئنز ٹرافی کی فائنلسٹ ٹیم بھارت کو ٹرافی تھمائی گئی تھی تاہم اس تقریب میں ایونٹ کے میزبان پاکستان کو نمائندگی نہیں دی گئی تھی۔
چیمپئنز ٹرافی کے میزبان ملک کے نمائندے کی ٹرافی کی تقریب میں عدم موجودگی پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی آئی سی سی کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ سامنے آیا ہے کہ سمیر احمد اور آئی سی سی کے عہدیداروں کے درمیان رابطوں میں غلطی کے باعث ایسا ہوا۔
کسی بھی ایونٹ کی اختتامی تقریب میں آئی سی سی کی جانب سے ہی مہمانوں کو پوڈیم پر بلانے کا فیصلہ کیا جاتا ہے تاہم آئی سی سی کی جانب سے اس معاملے پر تاحال کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔