
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ فخر زمان کی انجری کا معائنہ کیا جا رہا ہے، فخر زمان فیلڈنگ کرتے ہوئے کھچاؤ کا شکار ہوئے ہیں۔ زخمی ہونے کے بعد فخر زمان فیلڈ پر واپس آئے لیکن پھر واپس چلے گئے۔
دوسری جانب افتتاحی میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہیں۔ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے افتتاحی میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ دفاعی چیمپئن ہونے کا پریشر نہیں، اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے، پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، فہیم اشرف کی جگہ فاسٹ بولر حارث رؤف کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، چیمپئنز ٹرافی ایک بڑا ٹورنامنٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرائی سیریز میں جو غلطیاں ہوئیں اس پر قابو پائیں گے اور آج کے میچ میں نیوزی لینڈ کو کم سے کم اسکور پر آؤٹ کر کے میچ اچھے مارجن سے جیتنے کی کوشش کریں گے، ٹرائی سیریز سے چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں میں بڑی مدد ملی اور غلطیاں نہیں دہرائیں گے۔
پاکستان کی ٹیم میں فخر زمان، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، طیب طاہر، خوشدل شاہ، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور ابراراحمد شامل ہیں۔
یاد رہے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے باہمی مقابلوں میں گرین شرٹس کا پلڑا بھاری ہے۔ دونوں ٹیموں نے اب تک 118 ون ڈے میچز کھیلے ہیں۔ ان میں 61 پاکستان نے جیت رکھے ہیں۔ تاہم چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان اب تک نیوزی لینڈ کو زیر نہیں کر سکا۔ دونوں ٹیمیں دو سیمی فائنل سمیت تین میچز میں مدمقابل آئیں اور تینوں میں بلیک کیپس نے فتح حاصل کی۔
واضح رہے 9 مارچ تک جاری رہنے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں کرکٹ کے دیوانوں کے لیے سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ ایونٹ میں آٹھ ٹیمیں ٹائٹل کے لیے ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔