چیمپئنز ٹرافی 2025: نیوزی لینڈ کا پاکستان کو جیت کیلئے 321 رنز کا ہدف
پاکستان میں 29 سال بعد آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا میلہ سج گیا۔ افتتاحی میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہیں
چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستان کیخلاف نیوزی لینڈ کے بلے باز کا آؤٹ ہونے کا منظر/ فوٹو پی سی بی
کراچی: (ویب ڈیسک) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے افتتاحی میچ میں پاکستان کی نیوزی لینڈ کے 321 رنز کے ہدف کا تعاقب میں بیٹنگ جاری ہے۔ بابراعظم اور سعود شکیل نے اننگز کا آغاز کیا۔

 کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے افتتاحی میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز بنائے، ول ینگ اور ٹام لیتھم نے سنچریاں سکور کیں۔
ول ینگ 107 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ول ینگ نےچیمپینز ٹرافی کی پہلی سنچری بنائی، ان کی سنچری میں ایک چھکا اور 11 چوکے شامل تھے۔ ٹام لیتھم 104 گیندوں پر 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 118 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
گلین فلپس نے 39 گیندوں پر 61 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی۔ ڈیون کونوے، ڈیرل مچل 10،10، کین ولیمسن 1 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے حارث روف اور نسیم شاہ نے 2، 2 جبکہ ابرار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ دفاعی چیمپئن ہونے کا پریشر نہیں، اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے، پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، فہیم اشرف کی جگہ فاسٹ بولر حارث رؤف کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، چیمپئنز ٹرافی ایک بڑا ٹورنامنٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرائی سیریز میں جو غلطیاں ہوئیں اس پر قابو پائیں گے اور آج کے میچ میں نیوزی لینڈ کو کم سے کم اسکور پر آؤٹ کر کے میچ اچھے مارجن سے جیتنے کی کوشش کریں گے، ٹرائی سیریز سے چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں میں بڑی مدد ملی اور غلطیاں نہیں دہرائیں گے۔

پاکستان کی ٹیم میں فخر زمان، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، طیب طاہر، خوشدل شاہ، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور ابراراحمد شامل ہیں۔

یاد رہے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے باہمی مقابلوں میں گرین شرٹس کا پلڑا بھاری ہے۔ دونوں ٹیموں نے اب تک 118 ون ڈے میچز کھیلے ہیں۔ ان میں 61 پاکستان نے جیت رکھے ہیں۔ تاہم چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان اب تک نیوزی لینڈ کو زیر نہیں کر سکا۔ دونوں ٹیمیں دو سیمی فائنل سمیت تین میچز میں مدمقابل آئیں اور تینوں میں بلیک کیپس نے فتح حاصل کی۔
واضح رہے 9 مارچ تک جاری رہنے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں کرکٹ کے دیوانوں کے لیے سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ ایونٹ میں آٹھ ٹیمیں ٹائٹل کے لیے ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔