چیمپیئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کو کتنی رقم ملے گی؟
انٹرینشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کے لئے انعامی رقم کا اعلان کر دیا
انٹرینشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی/ فائل فوٹو
لاہور: (تحریر: شانزہ راصف محمود) انٹرینشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کے لئے انعامی رقم کا اعلان کر دیا۔ مجموعی انعامی رقم 2017 میں کھیلے گئے آخری ایڈیشن کی رقم سے 53 فیصد زیادہ ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق آج سے پاکستان کی میزبانی میں شہر قائد میں چیمپئنز ٹرافی کا آغاز ہو رہا ہے۔ آئی سی سی ٹورنامنٹ 2025ء ، 1996ء کے ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبانی کے بعد پاکستان میں کھیلے جانے والا پہلا ٹورنامنٹ ہوگا جبکہ ہمسایہ ملک (بھارت) کے میچز دبئی میں ہوں گے۔

چیمپئنز ٹرافی کے میچز کراچی، راولپنڈی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے، ٹورنامنٹ میں 8 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر گروپ سے دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ ایونٹ کی فاتح ٹیم ایک بڑی انعامی رقم کی حقدار بنے گی جس کے حوالے سے آئی سی سی نے اعلان کر دیا ہے۔

9 مارچ 2025ء کو چیمپئنز ٹرافی کی فاتح ٹیم کو 22 لاکھ 40 ہزار ڈالر یعنی 62 کروڑ 22 لاکھ پاکستانی روپے کی انعامی رقم ملے گی جبکہ ٹورنامنٹ کی ہارنے والی ٹیم 11 لاکھ 20 ہزار ڈالر یعنی 31 کروڑ 11 لاکھ پاکستانی روپے کے حقدار ٹھہرے گی۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں شکست کھانے والی ہر ایک سیمی فائنلسٹ ٹیم 5 لاکھ 60 ہزار رقم حاصل کرے گی جو کہ پاکستانی کرنسی میں ساڑھے 15 کروڑ روپے سے زائد ہے، تاہم مرحلہ وار گروپ میچ کی فاتح ٹیم 34000 ڈالر کی رقم حاصل کرے گی جو کہ 94 لاکھ 45 ہزار پاکستانی روپے ہے۔

چیمپئنز ٹرافی 2025ء میں پانچویں نمبر پر آنے والی ٹیمیں 3 لاکھ 50 ہزار ڈالرز حاصل کریں گی، تاہم ساتویں اور آٹھویں نمبر پر آنے والی ٹیمیں ایک لاکھ 40 ہزار ڈالرز انعامی رقم حاصل کریں گی جبکہ تمام ٹیمیں جو اس ٹورنامنٹ میں شریک ہیں انہیں ایک لاکھ 25 ہزار ڈالرز دیئے جائیں گے۔