بابر اعظم نے بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا
Babar Azam
فائل فوٹو
کراچی:(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے ایک اور شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے 6000 تیز ترین ون ڈے رنز کا ریکارڈ برابر کر لیا ہے

بابراعظم نے نیوزی لینڈ کیخلاف سہ ملکی سیریز کے ایک میچ میں 123 اننگز میں 6000 رنز مکمل کر کے یہ سنگ میل عبور کیا۔

واضھ رہے کہ بابر اعظم ون ڈے کرکٹ میں 6000 رنز مکمل کرنے والے مجموعی طور پر 11ویں پاکستانی کرکٹر بن گئے ہیں۔اس فہرست میں پاکستان کے سابق کپتان انضمام الحق 11,701 رنز کے ساتھ سر فہرست ہیں، ان کے بعد محمد یوسف (9,554 رنز) اور سعید انور (8,824 رنز) اس فہرست میں دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

بابراعظم نے 123 اننگز میں 6000 رنز کا سنگ میل عبور کر کے جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ کے ریکارڈ کو برابر کیا، جنہوں نے اتنی اننگز میں ہی 6000 رنز مکمل کیے تھے۔

بابر اعظم کی یہ کامیابی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ وہ عالمی کرکٹ میں اپنی مستقل مزاجی اور شاندار کارکردگی کی بدولت اپنے مداحوں کا دل جیتتے ہیں۔