
کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے جارہے فائنل مقابلے میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور بابر اعظم نے اننگ کی شروعات کی، تاہم شروع سے ہی نیوزی لینڈ کے دونوں فاسٹ بولرز نے پاکستانی اوپنرز کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔
تیز رفتار اور اچھی سوئنگ کے سامنے پاکستانی اوپنرز نے محتاط انداز اپنایا،مگر اسی دوران ہی قومی ٹیم کی پہلی وکٹ 3.5 اوورز میں 16 رنز پر گر گئی، جب فخر زمان 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد سعود شکیل بیٹنگ کیلئے میدان میں اترے، جنہوں نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور 8.2 اوورز میں 46 تک پہنچایا، جس کے بعد اگلی ہی گیند پر سعود شکیل 8 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 11.5 اوورز میں 54 رنز پر گری جب بابر اعظم 29 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
فائنل میچ کیلئے ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی تھی، محمد حسنین کی جگہ فہیم اشرف کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔
پاکستای اسکواڈ
فائنل مقابلے کیلئے فخر زمان، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، طیب طاہر، فہیم اشرف، خوشدل شاہ، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد ٹیم میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں اپنے دونوں میچز جیت کر فائنل میں پہنچی ہے، نیوزی لینڈ نے پاکستان اور جنوبی افریقا کو شکست دی تھی،جبکہ پاکستان ٹیم اپنا ایک میچ جیت کر فائنل میں پہنچی ہے، قومی ٹیم نے جنوبی افریقا کو شکست دی تھی۔