
تفصیلات کے مطابق کپتان محمد رضوان اور نائب کپتان سلمان علی آغا نے جنوبی افریقہ کی خلاف اہم میچ میں نئی تاریخ رقم کی۔ سلمان علی آغا 103 گیندوں پر 134 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان محمد رضوان 122 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
پاکستان کی جانب سے پہلی مرتبہ 2 مڈل آرڈر بلے بازوں نے ایک اننگز میں سنچریاں سکور کیں۔ مجموعی طور پر پاکستان کی جانب سے ون ڈے کی اننگز میں 2 سنچریاں 27 ویں بار بنائی گئی ہیں۔ سلمان آغا اور محمد رضوان نے پاکستان کی جانب سے چوتھی وکٹ کی سب سے بڑی شراکت بھی بنائی۔
اس سے قبل شعیب ملک اور محمد یوسف نے 2009 میں چوتھی وکٹ پر 206 رنز کی شراکت بنائی تھی۔ سلمان آغا اور محمد رضوان نے چوتھی وکٹ پر 260 رنز کی شراکت بنائی۔
یاد رہے گزشتہ روز نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے پہلے کھیلتے ہوئے 352 رنز بنائے جواب میں قومی ٹیم نے محمد رضوان اور سلمان علی آغا کی شاندار سنچریوں کی بدولت 4 وکٹوں کے نقصان پر 49 ویں اوور میں 353 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔
یہ پاکستان کی جانب سے اب تک کامیابی سے مکمل کیا گیا سب سے بڑا ہدف ہے، ون ڈے انٹرنیشنل کی تاریخ میں پاکستان نے کبھی اتنا بڑا ہدف حاصل نہیں کیا تھا۔ اس سے قبل پاکستان نے 2022 میں آسٹریلیا کے خلاف 349 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔