تفصیلات کے مطابق آئی سی سی چمپئنز ٹرافی 2025 کی تقریب کے لئے روہت شرما کو پاکستان آنا تھا۔ تقریب میں چمپئنز ٹرافی میں شریک تمام ٹیموں کو شرکت کرنا تھی۔ آئی سی سی ایونٹس سے پہلے ٹرافی رونمائی اور میڈیا کانفرنس میں تمام کپتان شریک ہوتے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق چمپئنز ٹرافی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا ایونٹ ہے۔ روہت شرما کو پاکستان لانے کا معاملہ بھی آئی سی سی دیکھ رہا ہے۔
یاد رہے کسی بھی آئی سی سی ایونٹ سے پہلے میزبان ملک میں ایک فوٹو شوٹ ہوتا ہے، جس کا مقصد ایونٹ کی تشہیر کرنا ہوتا ہے اور اس فوٹو شوٹ میں ٹورنامنٹ میں شریک تمام ٹیموں کے کپتان شامل ہوتے ہیں۔
خیال رہے منی ورلڈکپ کے نام سے مشہور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز 19 فروری سے پاکستان میں ہو رہا ہے جب کہ بھارت اپنا پہلا میچ 20 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف دبئی میں کھیلے گا۔
پاکستان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت ہائبرڈ ماڈل پر رضامندی ظاہر کی تھی، جس کے تحت پاکستان اور بھارت کے درمیان 2028 تک تمام انٹرنیشنل ایونٹ نیوٹرل وینیو پر ہوں گے، لہذا چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے بھارت کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی 2025 کی صورت میں آئی سی سی کے کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی ملی ہے۔ بھارت نے ایشیا کپ 2008 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا، جب کہ 13-2012 میں پاکستان کے دورہ بھارت کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز بھی نہیں کھیلی گئی ہے۔
گزشتہ سال بھی ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی تھی لیکن بھارت نے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا تھا جس کے بعد ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے تھے، جہاں کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے آسانی سے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا تھا۔
پاکستان اس چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شریک ہوگا، آخری بار چیمپئنز ٹرافی 2017 میں ہوئی تھی جو پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی۔