ٹیکنالوجی کا شاہکار، بجلی کے بغیر چلنے والا ٹی وی ایجاد
File Photo
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) جدید دور میں بجلی کی غیر موجودگی میں بھی ٹی وی دیکھنے کی سہولت ممکن ہو گئی ہے۔ ایک منفرد اور پورٹیبل ٹی وی 'اسٹینڈ بائی می 2' کی لانچنگ نے ٹیکنالوجی کی دنیا میں ہلچل مچا دی ہے۔

لاس ویگاس میں منعقدہ کنزیومر الیکٹرونکس شو (سی ای ایس) کے دوران جنوبی کورین کمپنی نے اس جدید ٹی وی کو پیش کیا جو کسی اسمارٹ فون کی طرح چارج ہو کر چلتا ہے اور اسے دیکھنے کے لیے بجلی کی ضرورت نہیں۔

یہ پورٹیبل ٹی وی 1440p پکچر ریزولوشن کے ساتھ پیش کیا گیا ہے جو صارفین کو اعلیٰ کوالٹی میں پروگرامز دیکھنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ ٹی وی میں بیٹری شامل ہے جو سنگل چارج پر 4 گھنٹے تک چل سکتی ہے، یعنی آپ بجلی کی غیر موجودگی میں بھی اپنا پسندیدہ مواد دیکھ سکتے ہیں۔

ٹی وی کا ریموٹ مقناطیس کی مدد سے ڈیوائس سے جڑا رہتا ہے، جس سے ریموٹ کے گم ہونے کے خدشے کا خاتمہ ہو جاتا ہے۔ اس کے علاوہ، یو ایس بی سی پورٹ کی موجودگی صارفین کو ویب کیم منسلک کر کے ویڈیو کانفرنسنگ کا بھی موقع فراہم کرتی ہے۔

یہ ٹی وی اپنے پورٹیبل اور ہلکے وزن کی وجہ سے کسی بھی جگہ ساتھ لے جایا جا سکتا ہے، چاہے وہ کمرہ ہو، باغ ہو، یا سفر کے دوران۔ اس طرح صارفین اپنی سہولت کے مطابق اپنے پسندیدہ پروگرامز سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔

جنوبی کورین کمپنی نے فی الحال اس ٹی وی کی قیمت یا دستیابی کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا، تاہم یہ عندیہ دیا گیا ہے کہ یہ ٹی وی بہت جلد مارکیٹ میں فروخت کے لیے دستیاب ہوگا۔