تاریخ کے 50 عظیم ترین کھلاڑیوں کی فہرست جاری، ایک پاکستانی بھی شامل
File Photo
تاریخ کے 50 عظیم ترین کھلاڑیوں کی فہرست میں ایک پاکستانی بھی شامل
لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا کے 50 عظیم ترین کھلاڑیوں کی فہرست جاری کردی گئی جس میں پاکستان کا واحد کھلاڑی بھی شامل کیا گیا ہے۔

 آسٹریلیا کے معروف اخبار سڈنی مارننگ ہیرلڈ کی جانب سے اس فہرست کو کھیلوں کے ممتاز صحافیوں کی مشاورت سے ترتیب دیا گیا ہے۔

فہرست میں باسکٹ بال اسٹار مائیکل جارڈن کو دنیا کا سب سے عظیم کھلاڑی قرار دیا گیا ہے، جبکہ اولمپک چیمپئن یوسین بولٹ کو دوسرا اور ٹینس لیجنڈ سرینا ولیمز کو تیسرا مقام حاصل ہوا۔

دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں کرکٹ کے سر ڈان بریڈمین کو چوتھے، اور باکسنگ کے عظیم محمد علی کو پانچویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔

بھارت کی جانب سے واحد کھلاڑی، کرکٹ لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کو 37ویں نمبر پر شامل کیا گیا ہے، جبکہ فٹبال کے عالمی شہرت یافتہ لیونل میسی، ٹینس کے راجر فیڈرر، گالف کے ٹائیگر ووڈز، جمناسٹ سیمون بائیلز اور تیراک مائیکل فلپس بھی اس فہرست کا حصہ ہیں۔

اسکواش کی دنیا کے کامیاب ترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے لیجنڈری جہانگیر خان کو اس فہرست میں 25ویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔ اخبار نے ان کی کارکردگی کو  ناقابل تسخیر  قرار دیتے ہوئے لکھا کہ وہ اپنے وقت کے بے مثال کھلاڑی تھے۔

جہانگیر خان نے اپنے کیریئر میں 10 برٹش اوپن اور 6 ورلڈ اسکواش ٹائٹلز جیتے، وہ پانچ سال تک مسلسل 555 میچز میں ناقابل شکست رہے جو آج تک ایک عالمی ریکارڈ ہے۔

جہانگیر خان کی شمولیت پاکستان کے لیے باعث فخر ہے۔ وہ نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی کھیلوں کی دنیا میں ایک نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ ان کی کامیابیاں آج بھی لاکھوں نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔