محمد حفیظ کی پی سی بی پر کڑی تنقید
Ex Crickter Mohammad Hafeez
سابق کرکٹر محمد حفیظ/فائل فوٹو
کراچی:(ویب ڈیسک)سابق ٹیسٹ کپتان محمد حفیظ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو چیمپئنز ٹرافی 2025 کیلئے ہائبرڈ ماڈل قبول کرنے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے کے موقف کی پہلے مخالفت کی اور بعد میں بھارت کے میچز نیوٹرل مقام پر کرانے کے فیصلے کو قبول بھی کرلیا، جو اصولی موقف سے سیدھا سیدھا انحراف ہے۔ 

نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے ایچ پی سی اوول گراؤنڈ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ 19 فروری سے شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارتی ٹیم کا پاکستان نہ آنا افسوسناک ہے۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ 1996 کے عالمی کپ کے بعد پاکستان میں آئی سی سی کے کسی ایونٹ کا نہ ہونا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔ تاہم انہوں نے چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اس موقع سے مثبت پیغام دینا چاہیے۔ 

محمد حفیظ نے نوجوان بیٹر صائم ایوب کو پاکستان کرکٹ کا قیمتی اثاثہ قرار دیا اور کہا کہ انجریز کھیل کا حصہ ہیں،مگر صائم ایوب کے معاملے میں احتیاط برتی جائے،امید ہے کہ صائم ایوب جلد فٹ ہو کر چیمپئنز ٹرافی کیلئے دستیاب ہوں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ اگلے 10 سے 15 سال تک صائم ایوب پاکستان کرکٹ کیلئے خدمات انجام دے سکتے ہیں۔

انہوں نے سینیئر بیٹر فخر زمان کی قومی ٹیم میں واپسی کی امید بھی ظاہر کی اور کہا کہ اگر فخر زمان آئی سی سی کے میگا ایونٹ کیلئے ٹیم میں شامل ہوئے تو یہ پاکستان کیلئے اچھا شگون ہوگا۔