تفصیلات کے مطابق عالمی فٹبال کی گورننگ باڈی فیفا کی جانب سے بدھ کے روز اس فیصلے کی تصدیق کی گئی، جس کے تحت سعودی عرب پہلی بار مینز ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا۔
ذرائع کے مطبق سعودی عرب میں ورلڈ کپ کے میچز 5 مختلف شہروں ریاض، جدہ، الخوبر، ابہا، اور نیوم کے 15 اسٹیڈیمز میں منعقد ہوں گے۔ ان اسٹیڈیمز کی تعمیر اور جدید طرز کے ڈیزائن پر کام مکمل کیا جا رہا ہے، جس سے سعودی عرب کے فٹبال کے میدان میں انقلاب لانے کی امید ہے۔
فیفا کے اس فیصلے کے بعد سعودی عرب نے اپنی تیاریوں کا آغاز مزید تیز کر دیا ہے اور اس بات کا یقین دلایا ہے کہ 2034 کا ورلڈ کپ ایک شاندار اور کامیاب ایونٹ ثابت ہوگا۔سعودی عرب کا یہ اقدام فٹبال کی عالمی سطح پر مقبولیت میں مزید اضافہ کرے گا۔
فیفا نے اس کے ساتھ ہی 2030 کے ورلڈ کپ کی میزبانی مراکش، اسپین اور پرتگال کو مشترکہ طور پر دینے کا اعلان کیا ہے، جس میں جنوبی امریکا میں بھی تین میچز کھیلے جائیں گے۔
ذہن نشین رہے کہ سعودی عرب نے 2023 میں باضابطہ طور پر 2034 کے ورلڈ کپ کی میزبانی کی درخواست دی تھی اور اس کے بعد سے ملک بھر میں اس کیلئے بھرپور تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا تھا۔ سعودی حکومت نے اس میگا ایونٹ کو فٹبال کی عالمی تاریخ کا ایک سنگ میل بنانے کا عزم کیا ہے۔