معروف فٹبالر کی گاڑی خوفناک حادثے کا شکار
Michael Antonio carr accident
لندن:(ویب ڈیسک)انگلش پریمیئر لیگ کی ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کے سٹرائیکر مائیکل انتونیو ایک خوفناک کار حادثے کا شکار ہو گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ان کی فیراری گاڑی ایپنگ ایسکس میں حادثے کا شکار ہوئی، جس کے بعد فٹ بالر کو ایمرجنسی کی حالت میں آئی سی یو میں شفٹ کیا گیا۔

ایسکس کاؤنٹی فائر اینڈ ریسکیو سروس کا کہنا ہے کہ فائر فائٹرز نے حادثے کے مقام پر پہنچ کر مائیکل انتونیو کو زخمی حالت میں گاڑی سے باہر نکالا اور افوری طور پر انہیں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اس بات کی تصدیق کی گئی کہ 34 سالہ سٹرائیکر مائیکل انتونیو حادثے میں شدید زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب کلب نے کہا ہم سب سے درخواست کرتے ہیں کہ اس مشکل وقت میں مائیکل اور ان کے خاندان کی پرائیویسی کا مکمل طور پر احترام کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق ایسکس پولیس نے اس حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور عینی شاہدین کے بیانات اور ڈیش کیم فوٹیج کی مدد سے حادثے کی ممکنہ وجوہات معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ذہن نشین رہے کہ مائیکل انتونیو 2015 میں ناٹنگھم فاریسٹ سے ویسٹ ہیم میں شامل ہوئے تھے،انہوں نے اب تک 268 لیگ میچز میں 68 گول اسکور کیے ہیں۔ ان کے حادثے نے فٹ بال کے شائقین کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ شائقین ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق وہ اب مستحکم حالت میں ہیں اور سینٹرل لندن کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔