بابر اعظم کی آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں بادشاہت قائم
Babar Azam is playing a short
اسلام آباد:(ویب ڈیسک)پاکستان کے کرکٹ اسٹار اور سابق کپتان بابر اعظم نے ایک بار پھر آئی سی سی کی ون ڈے بیٹسمین رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے تازہ ترین ون ڈے رینکنگ جاری کی گئی ہے،جس میں بابر اعظم نے اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت دوبارہ سے دنیا بھر کے بہترین بلے بازوں میں اپنے آپ کو نمایاں کررہا ہے۔

واضح رہے کہ اس رینکنگ میں بھارت کے روہت شرما دوسرے، شبمن گل تیسرے اور ویرات کوہلی چوتھے نمبر پر براجمان ہیں،جبکہ آئرلینڈ کے ہیری ٹیکٹر پانچویں پوزیشن پر ہیں۔ 

دوسری جانب بولرز کی رینکنگ میں پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی ایک درجہ نیچے ہوکر دوسری پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ حارث رؤف دو درجہ نیچے جاکر 15ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ افغانستان کے راشد خان بدستور ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہیں۔ 

یاد رہے کہ پاکستان کے ابھرتے ہوئے مایہ ناز بلے باز سائم ایوب نے زمبابوے کے خلاف شاندار ناقابل شکست سنچری اسکور کرکے ٹاپ 100 بلے بازوں میں جگہ بنالی ہے اور 90ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ 

آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کے مطابق آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ بلے بازوں میں پہلے نمبر،انگلینڈ کے فل سالٹ دوسرے اور بھارت کے تلک ورما تیسرے نمبر پر ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی بولرز میں انگلینڈ کے عادل رشید پہلے،سری لنکا کے ونندو ہسرنگا دوسرے اور آسٹریلیا کے ایڈم زیمپا تیسرے نمبر پر ہیں۔