ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے اس بورڈ اجلاس میں تمام 15 ارکان شریک ہوں گے۔ اس اجلاس میں چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کے حوالے سے بھی تفصیل سے بات چیت کی جائے گی۔
آئی سی سی کی جانب سے اس اجلاس کی تصدیق کی گئی ہے جس میں چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں انعقاد کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے درمیان جاری کشمکش کا حل تلاش کیا جائے گا۔
اس سے قبل بھارتی میڈیا خبر رساں اداے نے خبر دی تھی کہ آئی سی سی بورڈ کا اجلاس 26 نومبر کو طلب کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں اس اجلاس کی تاریخ 29 نومبر مقرر کی گئی۔
چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان قانونی طور پر 21 نومبر تک ہونا تھا لیکن بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے سے انکار اور پی سی بی کی جانب سے ہائبرڈ ماڈل کو مسترد کرنے کی وجہ سے شیڈول کا اعلان مؤخر ہو گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں ہی چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے اپنے موقف پر سختی سے قائم رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
آئی سی سی بورڈ کا اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد ہوگا، اس میں چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں انعقاد کے حوالے سے مختلف آپشنز پر غور کیا جائے گا۔
اطلاعات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ آئی سی سی پر زور دے رہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل کے تحت کرائی جائے جس میں میچز مختلف ممالک میں کھیلے جائیں گے، تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے حکومت کی ہدایات کے تحت ہائبرڈ ماڈل کو قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
اگر دونوں ملکوں کے درمیان اس تنازعے کا کوئی حل نہ نکل سکا تو آئی سی سی بورڈ ممبرز کی ووٹنگ کے ذریعے بھی فیصلہ کر سکتا ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی کے اس اہم اجلاس میں چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول اور پاکستان میں اس کے انعقاد کے بارے میں تفصیل سے گفتگو کی جائے گی اور ممکنہ حل پر غور کیا جائے گا۔