22 سالہ صائم ایوب پہلے میچ میں متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے لیکن دوسرے میچ میں شاندار واپسی کرتے ہوئے محض 53 گیندوں پر اپنی پہلی ون ڈے سنچری مکمل کی۔
انہوں نے اپنی اننگز کے دوران 16 چوکے اور 3 چھکے لگائے، اور گرین شرٹس کی سیریز میں واپسی کی بنیاد رکھی۔ ان کی اس برق رفتار اننگز نے نہ صرف انہیں ذاتی سنگ میل تک پہنچایا بلکہ وہ شاہد آفریدی کے بعد پاکستان کے لیے تیسری تیز ترین ون ڈے سنچری بنانے والے بلے باز بن گئے۔
صائم ایوب کی دھواں دار اننگز نے انہیں ریکارڈ بک میں جگہ دلوائی، جہاں وہ آفریدی کے ساتھ شامل ہوگئے، جو پاکستانی بلے بازوں کی تیز ترین سنچریوں میں پہلے تین مقامات پر براجمان ہیں۔
بلاؤیو میں ان کی یہ شاندار سنچری پاکستان کو دوسرے میچ میں فتح دلانے اور سیریز میں برقرار رہنے کی کوشش کا حصہ بنی۔ ان کی کارکردگی نے انہیں پاکستان کی ون ڈے کرکٹ کے ابھرتے ہوئے ستارے کے طور پر نمایاں کردیا ہے۔
صائم ایوب نے مارچ 2023 میں انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنا ڈیبیو کیا تھا، اور اس میچ میں ان کی کارکردگی نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے لیے دونوں فارمیٹس میں گیم چینجر بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ دوسری ون ڈے میں پاکستان نے زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی، زمبابوے کی ٹیم 145 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی جس کے جواب میں پاکستانی اوپنرز نے ہدف 19ویں اوور میں با آسانی عبور کر لیا، پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے ابرار احمد نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔