ٹرافی کا دورہ پاکستان کا آغاز اسلام آباد سے ہوا اور اسے ملک بھر کے مختلف اہم مقامات پر لے جایا گیا، چیمپئنز ٹرافی نے اسلام آباد کے مشہور مقامات جیسے دامن کوہ، فیصل مسجد، پاکستان مونومنٹ میوزیم اور دیگر تعلیمی اداروں کا دورہ کیا، اس کے علاوہ ٹرافی کو ٹیکسلا، خانپور، ایبٹ آباد، مری اور نتھیا گلی جیسے مقامات پر بھی دکھایا گیا جہاں عوام کی بڑی تعداد نے اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔
تاہم آئی سی سی نے بھارتی دباؤ کے بعد چیمپئنز ٹرافی کے دورہ پاکستان کے شیڈول میں کچھ تبدیلیاں کی ہیں، 3 اہم شہروں سکردو، ہنزہ اور مظفر آباد میں ٹرافی کا دورہ منسوخ کر دیا گیا ہے، یہ فیصلہ بھارت کی جانب سے شدید دباؤ کے نتیجے میں کیا گیا جس کے بعد ان مخصوص شہروں میں ٹرافی کی نمائش ممکن نہیں ہو سکی۔
اس کے باوجود چیمپئنز ٹرافی کا دورہ پاکستان کی کرکٹ کے شائقین کے لیے ایک اہم موقع ہے جس سے نہ صرف عالمی کرکٹ کے میلے کا آغاز ہو رہا ہے بلکہ پاکستان میں کرکٹ کی مقبولیت کو بھی مزید تقویت ملے گی۔
واضح رہے کہ ٹرافی کا کراچی پہنچنا کرکٹ کے مداحوں کے لیے ایک خوش آئند لمحہ ہے اور یہ شہر میں کرکٹ کے فروغ کے لیے نیک شگون ثابت ہو گا۔