25 قومی کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ کی پیشکش، کون کون شامل؟
File photo
لاہور: (سنو نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 25 قومی کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹس کی پیشکش کی ہے، بابر اعظم اور محمد رضوان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی اے کیٹیگری میں جگہ نہ بنا سکا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اس بار اے کیٹیگری میں صرف 2 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے، ان 2 کھلاڑیوں میں سابق کپتان بابر اعظم اور متوقع نئے وائٹ بال کپتان محمد رضوان شامل ہیں، یہ دونوں کھلاڑی قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ میں ریڑھ کی ہڈی کی سی حیثیت رکھتے ہیں۔

پی سی بی نے بی کیٹیگری میں شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کو شامل کیا ہے جو دونوں ہی پاکستان کی تیز گیند بازی کے اہم ستون ہیں، شان مسعود کی بی کیٹیگری میں شمولیت کپتانی کی صورت میں مشروط ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے قیادت کے کردار کو بھی خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔

سی کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق، حارث رؤف، ابرار احمد، نعمان علی، صائم ایوب، ساجد خان، شاداب خان، سعود شکیل اور سلمان علی آغا شامل ہیں، ان کھلاڑیوں کی کارکردگی نے انہیں سینٹرل کنٹریکٹ کے لیے اہل بنایا جس سے ان کی مستقبل کی توقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

پی سی بی نے ڈی کیٹیگری میں عامر جمال، محمد وسیم جونئیر، محمد ہریرہ، میر حمزہ، خرم شہزاد، محمد علی، عثمان خان، عرفان خان نیازی، حسیب اللہ خان، عباس آفریدی اور کامران غلام کو شامل کیا ہے، یہ کھلاڑی بھی اپنی محنت اور کارکردگی کے نتیجے میں سینٹرل کنٹریکٹ کے اہل قرار پائے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ پی سی بی نے اس بار 5 ایمرجنگ کرکٹرز کو بھی سینٹرل کنٹریکٹس کی پیشکش کی ہے جو کہ نوجوان کھلاڑیوں کی ترقی کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔

یہ اقدام پاکستان کرکٹ کی مستقبل کی منصوبہ بندی اور کھلاڑیوں کی ترقی کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے، پی سی بی کی جانب سے یہ واضح کیا گیا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹس کا مقصد کھلاڑیوں کی محنت کو تسلیم کرنا اور انہیں مالی تحفظ فراہم کرنا ہے۔

خیال رہے کہ سرفراز احمد اور فخر زمان جیسے سینئر اور تجربہ کار کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کرنے کے باعث پی سی بی کو شائقین کرکٹ کی جانب سے کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑ سکتاہے۔

واضح رہے کہ پی سی بی نے گزشتہ برس 30 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ کی پیشکش کی تھی لیکن اس سال یہ تعداد کم کرکے 25 کر دی گئی ہے۔