بابر اعظم اور ویرات کوہلی ایک ہی ٹیم میں؟
Indian Player Virat Kohli and Pakistani cricketer Babar Azam
لاہور:(ویب ڈیسک)کرکٹ کے شائقین کے لیے ایک حیران کن اور دلچسپ خبر سامنے آئی ہے، جس کے مطابق پاکستان اور بھارت کے کھلاڑی ایک بار پھر ایک ہی ٹیم میں کھیل سکتے ہیں۔
 
دونوں ممالک کے کھلاڑی، جنہیں کرکٹ کی دنیا میں روایتی حریف سمجھا جاتا ہے، مستقبل میں ایک ساتھ کھیلتے نظر آ سکتے ہیں۔
 
افرو ایشیاء کپ کی بحالی پر بات چیت
 
ذرائع کے مطابق مشہور کرکٹ ٹورنامنٹ "افرو ایشیا ءکپ" کی دوبارہ بحالی پر بات چیت جاری ہے۔ یہ ٹورنامنٹ 2005 ء اور 2007 ء میں منعقد ہوا تھا، جس میں ایشیا ءالیون اور افریقا الیون کی ٹیمیں شامل تھیں۔ اس ٹورنامنٹ کے تحت پاکستان، بھارت، سری لنکا اور دیگر ایشیائی ممالک کے کھلاڑی ایک ہی ٹیم میں افریقا کے کھلاڑیوں کے خلاف میدان میں اترے تھے۔
 
سیاست اور کشیدگی کے باعث ٹورنامنٹ کی معطلی:
 
2008 ءمیں ممبئی حملوں کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باعث یہ ٹورنامنٹ منسوخ ہو گیا تھا، اور دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات بھی شدید متاثر ہوئے تھے۔ اس کے نتیجے میں دونوں ممالک کی باہمی سیریز بھی بند ہوگئی۔
 
2025 ءمیں افرو ایشیاء کپ کی ممکنہ بحالی:
 
بھارتی میڈیا کے مطابق افرو ایشیا ءکپ کی دوبارہ بحالی پر بات چیت زوروں پر ہے اور اگر معاملات طے پاتے ہیں تو 2025ء میں یہ ٹورنامنٹ ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں منعقد ہو سکتا ہے۔ اس بار اگر یہ ٹورنامنٹ ہوتا ہے، تو شائقین کو پاکستان اور بھارت کے کھلاڑی، جن میں بابر اعظم اور ویرات کوہلی جیسے بڑے نام شامل ہیں، ایک ہی ٹیم میں کھیلتے ہوئے نظر آ سکتے ہیں۔
 
2005 ءکے ایڈیشن میں شامل کھلاڑی:
 
یاد رہے کہ 2005 ء کے افرو ایشیاء کپ میں ایشیاء الیون کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں میں وریندر سہواگ،  شاہد آفریدی،  محمد یوسف،  عبدالرزاق،  کمار سنگاکارا، مہیلا جے وردھنے،  انضمام الحق اور نہرا شامل تھے۔ یہ ٹورنامنٹ اس وقت کافی مقبول ہوا تھا اور اب اس کی ممکنہ واپسی سے کرکٹ شائقین کے لیے ایک نئی دلچسپی پیدا ہو رہی ہے۔
 
کرکٹ کی تاریخ میں نیا باب؟
 
اگر افرو ایشیا ء کپ کی بحالی کا حتمی اعلان ہوتا ہے، تو یہ کرکٹ کی تاریخ میں ایک نیا باب ہو گا، جہاں پاکستان اور بھارت کے کھلاڑی پہلی بار کئی سالوں بعد ایک ہی ٹیم میں میدان میں اتریں گے۔