حارث رؤف کی بچے کو بچاتے ویڈیو وائرل
National fast bowler Haris Rauf is saving a child from the police who came to the Faisalabad Cricket Stadium.
فیصل آباد: (ویب ڈیسک)فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں جاری چیمپیئنز ون ڈے کپ کے پریکٹس سیشنز میں کرکٹ شائقین کی دلچسپی عروج پر ہے، جہاں قومی کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کے لیے فینز کی بڑی تعداد موجود ہے۔
 
 سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے ایک بچے کو پولیس سے بچاتے ہوئے شائقین کے دل جیت لیے۔
 
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بابر اعظم کا ایک مداح بچہ اچانک میدان میں داخل ہو گیا اور سیکیورٹی اہلکار اسے پکڑنے کی کوشش کرتے ہیں۔ 
 
اس موقع پر حارث رؤف نے فوری ردعمل دیتے ہوئے بچے کو سیکیورٹی سے بچایا اور اسے واپس اسٹینڈز میں بھیج دیا۔ اس عمل پر شائقین نے زبردست ردعمل دیا اور "حارث حارث" کے نعرے لگائے۔
 
حارث رؤف کی اس حرکت نے سوشل میڈیا پر خوب تعریفیں سمیٹیں، ایک صارف نے لکھا کہ حارث کے اس عمل نے ان کی نظروں میں ان کی عزت کو اور بڑھا دیا ہے۔ ایک اور صارف نے اسے ایک شاندار لمحہ قرار دیا، جبکہ کئی دیگر صارفین نے بھی اس پر مثبت تبصرے کیے۔
 
تاہم، کچھ صارفین نے اس واقعے پر شک کا اظہار کیا کہ یہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا تھا۔ 
 
ایک صارف نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ بابر اعظم نے اس بچے کو ایسا کرنے کے لیے کتنے پیسے دیے ہوں گے۔
 
 جبکہ ایک اور صارف نے کہا کہ بابر اعظم خود بچے سے ملنے نہ آئے اور نہ ہی اسے بچانے کی کوشش کی۔
 
واضح رہے کہ چیمپیئنز ون ڈے کپ 12 سے 29 ستمبر تک فیصل آباد میں جاری ہے، جس میں پانچ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
 
 سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان، محمد حارث اور محمد رضوان ان ٹیموں کی قیادت کر رہے ہیں۔ ٹیموں کے مینٹورز میں مصباح الحق، ثقلین مشتاق، سرفراز احمد، شعیب ملک، اور وقار یونس شامل ہیں۔