معین علی کا ریٹائرمنٹ کا اعلان
Moeen Ali announces retirement from international cricket
لندن:(ویب ڈیسک)انگلینڈ کے مشہور آل راؤنڈر معین علی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے، جس سے کرکٹ کے شائقین میں ایک عہد کا اختتام محسوس کیا جارہا ہے۔
 
معین علی کو آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی وائٹ بال سیریز کے لیے منتخب نہیں کیا گیا، جس کے بعد انہوں نے کرکٹ کے میدان سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا۔
 
ایک برطانوی میڈیا ہاؤس کو دیے گئے انٹرویو میں معین علی نے کہا کہ 37 سال کی عمر کو پہنچنے کے بعد انہیں احساس ہوا کہ اب نوجوان کھلاڑیوں کے لیے موقع دینے کا وقت آگیا ہے۔
 
 انہوں نے کہا، "میں انگلینڈ کے لیے ایک طویل عرصے تک کرکٹ کھیل چکا ہوں اور اب وقت آ گیا ہے کہ نئی نسل کو آگے بڑھنے کا موقع دیا جائے۔ یہ واضح ہوچکا ہے کہ مجھے ٹیم میں منتخب نہ کرنے کا فیصلہ ہو چکا ہے، اور میں سمجھتا ہوں کہ اب کرکٹ سے الگ ہونے کا صحیح وقت ہے۔"
 
معین علی کا مزید کہنا تھا کہ اگرچہ وہ ریٹائر ہو رہے ہیں، انہیں یہ نہیں لگتا کہ وہ کرکٹ میں اپنی بہترین کارکردگی سے دور ہو چکے ہیں۔
 
 ان کے مطابق، "میں نے اپنا کردار ادا کر دیا ہے اور ٹیم کو جہاں تک ممکن تھا، وہاں تک لے جانے میں مدد کی ہے۔"
 
معین علی نے 2014 ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اپنے طویل کیریئر میں 68 ٹیسٹ، 138 ون ڈے، اور 92 ٹی ٹوئنٹی میچز میں انگلینڈ کی نمائندگی کی۔ 
 
انہوں نے 6,678 رنز بنائے اور 366 وکٹیں حاصل کیں، جس نے انہیں انگلش کرکٹ کی تاریخ میں ایک نمایاں مقام عطا کیا۔
 
معین علی 2019 ء کے ورلڈ کپ اور 2022 ءکے ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے والی انگلش ٹیم کا بھی حصہ رہے۔
 
 ان کی آل راؤنڈ کارکردگی نے انگلینڈ کو متعدد اہم میچز جیتنے میں مدد دی، اور وہ اپنی کرکٹ صلاحیتوں کی وجہ سے شائقین کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔