قومی کرکٹرز کی ماہانہ تنخواہوں کی تفصیلات جاری
Image
لاہور: (ویب ڈیسک) آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی کے بعد قومی کرکٹ ٹیم پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔
 
 اس دوران پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کی تفصیلات جاری کی ہیں، جس میں ممکنہ تبدیلیوں کی بات بھی کی جارہی ہے۔
 
ذرائع کے مطابق، ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں ناکامی کے بعد پی سی بی کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ میں تبدیلیوں پر غور کر رہا ہے۔ 
 
خراب کارکردگی کے باعث کچھ کھلاڑیوں کی تنزلی کی توقع ہے جبکہ کچھ اپنے کنٹریکٹ سے بھی محروم ہو سکتے ہیں۔
 
پی سی بی کے موجودہ سینٹرل کنٹریکٹ کی تفصیلات کے مطابق، اے کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو 45 لاکھ روپے ماہانہ ادا کیے جاتے ہیں۔
 
 اس کیٹیگری میں کپتان بابراعظم، محمد رضوان اور فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی شامل ہیں۔ 
 
بی کیٹیگری میں شامل شاداب خان، فخر زمان، حارث رؤف اور نسیم شاہ کو 30 لاکھ روپے ماہانہ ملتے ہیں۔ 
 
سی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو تقریباً 15 لاکھ روپے ماہانہ ملتے ہیں، جن میں عماد وسیم اور عبداللہ شفیق شامل ہیں۔
 
 ڈی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو بھی سی کیٹیگری کے برابر ہی معاوضہ دیا جاتا ہے، جن میں افتخار احمد، حسن علی، اور صائم ایوب شامل ہیں۔
 
واضح رہے کہ یہ اعداد و شمار صرف کھلاڑیوں کی ماہانہ تنخواہوں کو ظاہر کرتے ہیں۔ 
 
اس کے علاوہ کھلاڑی میچ فیس، تینوں فارمیٹس (ٹیسٹ، ون ڈے، ٹی ٹوئنٹی) میں اسپانسر شپ اور بونسز سے بھی معاوضہ وصول کرتے ہیں۔
 
موجودہ تین سالہ سینٹرل کنٹریکٹ گزشتہ سال دیا گیا تھا، جس کا اطلاق یکم جولائی 2023 ءسے ہوا تھا۔
 
 پاکستان ٹیم ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے تک رسائی میں ناکام رہی تھی، اور پہلے راؤنڈ میں دو میچز ہارنے کے بعد ٹیم کو امریکا اور بھارت سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
 
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اس پیشرفت کے بعد کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ میں ممکنہ تبدیلیاں زیر غور ہیں، جن کا مقصد ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔