کینیڈا کوشکست،پاکستان کی ایونٹ میں پہلی فتح
Image
نیویارک:(سنونیوز)ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ،کینیڈا کو 7 وکٹوں سے شکست،پاکستان نے ٹورنامنٹ میں فتح کا کھاتہ کھول لیا،محمد رضوان نصف سنچری بناکر نمایاں ۔
 پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور محمد رضوان نے اوپننگ کی،صائم ایوب 6 رنز بناکر کیچ آئوٹ ہوئے جس کے بعد اننگز کو کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے آگے بڑھایا،دونوں بلے بازوں نے پارٹنرشپ قائم کرکے اسکور کو آگے بڑھایا۔
 
کپتان بابراعظم اس مرتبہ پھر بدقسمتی سے بھارت کے میچ کی طرح شاٹ لگاتے ہوئے کیپر کے ہاتھوں 33 رنز پر کیچ آئوٹ ہوئے،فخر زمان کو میچ مکمل کرنے کے لیے بھیجا گیا لیکن وہ میچ مکمل کرنے کے چکر میں کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔
 
عثمان خا ن سترویں اوور کی تیسری گیند پر 2 رنز لے کر فتح اپنے نام کی،محمد رضوان 53 گیندوں پر 2چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 53 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔
 
کینیڈا کی جانب سے ہیلنگر نے 2 جبکہ گورڈون نے 1 وکٹ حاصل کی۔پاکستان اپنا اگلا میچ 16 جون کو آئرلینڈ کیخلاف کھیلے گا جس کو جیتنا بہت ضروری ہے۔
 
پاکستان نے ٹاس جیت کر کینیڈا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ، پاکستان کی جانب سے محتاط گیند بازی دیکھنے کو ملی جس کے باعث کینیڈین بلے باز کھل کر کھیلنے میں ناکام رہے اور وکٹیں گنواتے رہے،کینیڈین بلے باز وقفے وقفے سے آئوٹ ہوکر پویلین لوٹتے رہے۔
 
ایرون جانسن نے مزاحمت کرتے ہوئے 4 چوکوں اور 4چھکوں کی مدد سے 44 گیندوں پر 52 رنز بنائے تاہم انہیں نسیم شاہ نے کلین بولڈ کرکے پویلین کی راہ دکھائی۔
 
پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور حارث روف نے 2،2 جبکہ شاہین شاہ اور نسیم شاہ کے حصے میں 1،1 وکٹ آئی۔حارث روف نے ٹی ٹوینٹی میں 100 وکٹیں مکمل کرلی۔
 
  ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کپتان بابراعظم کاکہنا تھا کہ اس میچ میں افتخار احمد کی جگہ صائم ایوب کھیلیں گے،کوشش کریں گے کہ بہتر کارکردگی دکھائیں ،ہمارے پاس اب غلطی کرنے کی مزید گنجائش نہیں ہے،پہلے 6 اوور میں اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔
 
کینیڈین ٹیم کے کپتان نے ٹا س کے موقع پر کہا کہ وہ اس پیچ پر اچھا ٹارگٹ دے کر مخالف ٹیم کو ٹف ٹائم دیں گے۔
 
پاکستان ٹیم کی قیادت مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کر رہے ہیں جبکہ کینیڈا کی ٹیم کو سعد بن طفر لیڈ کریں گے۔
 
پاکستان کی ٹیم اپنے دونوں ابتدائی میچز ہار چکی ہے۔ گرین شرٹس کے پہلے میچ میں امریکا کی ٹیم نے سپر اوور پر 6 رنز سے شکست دی جبکہ دوسرے میچ میں روایتی حریف بھارت نے پاکستان کو 6 رنز سے ہرا دیا۔
 
اسی طرح کینیڈین ٹیم بھی اپنا تیسرا میچ کھیلے گی۔ میزبان امریکا نے پہلے میچ میں کینیڈا کی ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دی جبکہ دوسرے میچ میں کینیڈا کی ٹیم نے آئرلینڈ کی ٹیم کو 12 رنز سے شکست دی تھی۔
 
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ مسلسل دو میچ ہارنے کے باوجود ہمارے حوصلے پست نہیں ہیں، حریف سے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کرنے کیلئے تیار ہیں۔
 
ذرائع کے مطابق گزشتہ 2 میچوں میں شکست کے بعد آج کینیڈا کے خلاف میچ میں قومی ٹیم میں تبدیلی کا امکان ہے۔ عثمان خان کی جگہ صائم ایوب کو موقع دیئے جانے کا امکان ہے جبکہ قومی ٹیم کی باؤلنگ لائن اپ میں زیادہ تبدیلی کا امکان نہیں۔
 
ٹیم مینجمنٹ شاداب خان کی جگہ ابرار احمد کو کھلانے پر متفق نہیں ہے کیونکہ ٹیم مینجمنٹ سمجھتی ہے شاداب باؤلنگ کے ساتھ بیٹنگ بھی کرسکتے ہیں۔ فائنل الیون کے لیے کپتان بابر اعظم اور کوچ گیری کرسٹن کے درمیان میٹنگ بھی متوقع ہے۔