قاتلانہ حملے میں قبائلی رہنما کے دو بیٹے جاں بحق
واقعہ وانا کے علاقے کڑیکوٹ بازار کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے اچانک فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے قبائلی رہنما کے بیٹوں کو نشانہ بنایا، جس کے باعث دونوں موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ فائرنگ کے دوران ایک راہگیر بھی گولی لگنے سے زخمی ہوا، جسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔
ڈی ایس پی اصغر علی شاہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فائرنگ کے اس المناک واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، ملزمان کی گرفتاری کیلئے مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی شواہد کی روشنی میں حملے کے محرکات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مومنہ اقبال کی شکایت پر رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کیخلاف مقدمہ درج
علاقے کے عمائدین اور مقامی افراد نے اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔