مومنہ اقبال کی شکایت پر رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کیخلاف مقدمہ درج

Momina Iqbal Harassment Case
فائل فوٹو
Updated | Published June, 5 2026 |
لاہور:(ویب ڈیسک) اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر ہراساں اور بلیک میل کرنے کے معاملے میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے کارروائی کرتے ہوئے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔

یہ مقدمہ پیکا ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے جس میں سنگین نوعیت کے الزامات شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مدعیہ کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ ثاقب چدھڑ اور ان کے ساتھیوں نے مبینہ طور پر بلیک میلنگ کی اور دھمکیاں دیں۔ مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ ملزم کی جانب سے دباؤ ڈالا گیا کہ اگر شادی نہ کی گئی تو متعلقہ نجی معلومات اور ڈیٹا کو عام کر دیا جائے گا۔

ایف آئی آر کے مطابق اداکارہ کی بہن نے دھمکی آمیز پیغامات اور ویڈیوز متعلقہ ادارے کو فراہم کیں، جس کے بعد تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ تفتیشی حکام نے ویڈیوز اور موبائل فون کو ڈیجیٹل شواہد کے طور پر تحویل میں لے کر فرانزک معائنے کیلئے بھجوا دیا۔

مزید بتایا گیا کہ رکن اسمبلی کے نمبر سے بھی مبینہ طور پر دھمکی آمیز پیغامات ارسال کیے گئے، جنہیں تفتیش کا حصہ بنا لیا گیا ہے، شواہد کی بنیاد پر مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سولہ سال کی عمر میں ڈرائیونگ لائسنس کی منظوری

واضح رہے کہ اداکارہ مومنہ اقبال نے چند روز قبل ہی متعلقہ ادارے میں باقاعدہ شکایت درج کروائی تھی، جس کے بعد یہ مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی تفتیش شفاف انداز میں آگے بڑھائی جا رہی ہے اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔