پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 50 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 28 روپے 84 پیسے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے، تاہم حکومت ڈیزل کی قیمت میں بڑے اضافے کو کم کرنے کے لیے پیٹرولیم لیوی میں ردوبدل کر سکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق حتمی فیصلہ وزیر اعظم سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا، جس کا اعلان آج رات جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں بجلی 1 روپے 19 پیسے فی یونٹ مہنگی
دوسری جانب کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین کیلئے بجلی مزید مہنگی کر دی گئی۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے نرخوں میں ایک روپے 19 پیسے فی یونٹ اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں یہ اضافہ اپریل 2026 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق ملک بھر کے صارفین کے ساتھ ساتھ کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہوگا۔ اضافی چارجز رواں ماہ جون کے بجلی کے بلوں میں وصول کیے جائیں گے، جس سے صارفین پر مالی بوجھ مزید بڑھ جائے گا۔
یاد رہے کہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے اپریل 2026 کی فیول ایڈجسٹمنٹ کیلئے نیپرا سے ایک روپے 73 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی، تاہم نیپرا نے درخواست کا جائزہ لینے کے بعد ایک روپے 19 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی۔