جماعت اسلامی کا مہنگائی کیخلاف ملک گیر تحریک کا اعلان

Jamaat-e-Islami Protest Movement
فائل فوٹو
Updated | Published June, 5 2026 |
لاہور: (ویب ڈیسک) امیر جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے مہنگائی، بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف آئندہ چند روز میں ملک گیر عوامی تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ لاہور سے ملک بھر کے جماعتی ذمہ داران سے آنلائن خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی تائید سے نظام کی تبدیلی چاہتے ہیں، عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

حافظ نعیم الرحمان نے جماعت کے ذمہ داران اور کارکنان کو ہدایت کی کہ آئندہ 10 روز تک رکن سازی مہم میں مزید تیزی لائی جائے اور مقررہ اہداف حاصل کیے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کسی سازش، خفیہ سمجھوتے یا غیر جمہوری طریقے سے اقتدار حاصل کرنے پر یقین نہیں رکھتی، بلکہ عوام کی حمایت اور جمہوری عمل کے ذریعے تبدیلی چاہتی ہے، رائے عامہ کے بغیر آنے والا کوئی بھی انقلاب پائیدار نہیں ہو سکتا۔

یہ بھی پڑھیں:ایم ڈی کیٹ امیدواروں کیلئے بڑی خوشخبری

انہوں نے مہنگائی، بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں سے متعلق جماعت اسلامی کے مؤقف کو عوام تک پہنچانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا اور واٹس ایپ گروپس کے ذریعے جماعت کا پیغام وسیع پیمانے پر پھیلایا جائے، جماعت اسلامی عوامی مسائل پر مؤثر آواز ہے اور اس آواز کو عوام تک پہنچانے میں کارکنان کا کردار کلیدی ہے۔