وزیراعلیٰ رحمت کارڈ: 1 لاکھ مالی امداد کیلئے اپلائی کریں

وزیراعلیٰ رحمت کارڈ
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں پہلی مرتبہ وزیراعلیٰ رحمت کارڈ پروگرام کا باضابطہ ڈیجیٹل افتتاح کیا/ فائل فوٹو
Updated 16 گھنٹے قبل | Published May, 1 2026 | Usman Dil Muhammad
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں پہلی مرتبہ وزیراعلیٰ رحمت کارڈ پروگرام کا باضابطہ ڈیجیٹل افتتاح کر دیا، جس کے تحت 50 ہزار بیواؤں اور یتیم بچوں کو مالی امداد فراہم کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق اس پروگرام کے لیے صوبائی زکوٰۃ فنڈ سے 5 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق رحمت کارڈ کے ذریعے مستحق بیواؤں اور یتیم بچوں کو فی کس ایک لاکھ روپے دیے جائیں گے، تاکہ انہیں مالی سہارا فراہم کیا جا سکے۔

تقریب کے دوران صوبائی معاون خصوصی راشد اقبال نصراللہ نے وزیراعلیٰ کو منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس پروگرام کے تحت صرف وہی افراد اہل ہوں گے جو شرعی طور پر زکوٰۃ کے مستحق ہیں، جبکہ سرکاری ملازمین، پنشنرز اور صاحبِ نصاب افراد اس سہولت سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔

حکام کے مطابق مستحقین کا انتخاب پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری (PSER) کے ڈیٹا بیس کے ذریعے کیا جائے گا، جبکہ ضلعی کوٹے کی بنیاد پر حتمی فہرست تیار کی جائے گی۔ اگر کسی درخواست دہندہ کی PSER میں رجسٹریشن نہ ہو تو اس کے کوائف کی تصدیق نادرا سے کروائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: بلاسود 3 ہزار روپے ماہانہ میں الیکٹرک بائیک حاصل کریں

درخواست دینے کے لیے آن لائن ویب پورٹل اور موبائل ایپ دونوں سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جبکہ مزید معلومات کے لیے ہیلپ لائن 1077 پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ امدادی رقم جاز کیش والٹ اکاؤنٹ کے ذریعے فراہم کی جائے گی اور اس کے سروس چارجز حکومت خود ادا کرے گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ رحمت کارڈ پروگرام کو مکمل شفافیت، انصاف اور میرٹ کی بنیاد پر چلایا جائے تاکہ زکوٰۃ فنڈز کا درست استعمال یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد مستحق افراد کے سماجی وقار کو بحال کرنا اور انہیں معاشی خودمختاری کی طرف لے جانا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ منصوبہ نواز شریف کی رہنمائی میں شروع کیا گیا ہے اور اسے مزید وسعت دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پنجاب میں کوئی بیوہ یا یتیم بچہ خود کو بے سہارا محسوس نہ کرے، کیونکہ حکومت روایتی سیاست کے بجائے عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔

وزیراعلیٰ رحمت کارڈ کے لئے ویب پورٹل (https//:rahmatcard.punjab.gov.pk) پر اپلائی کیا جاسکتا ہے۔