ٹریفک جرمانوں میں بڑی کمی کی سمری منظور
Traffic fines Punjab reduction
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے عوام کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے ٹریفک جرمانوں میں نمایاں کمی کی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے ڈی آئی جی ٹریفک کی بھجوائی گئی سمری منظور کر لی گئی ہے، جسے جلد پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق موٹرسائیکل سواروں کیلئے جرمانہ 2000 روپے سے کم کر کے 1000 روپے کر دیا گیا، جبکہ رکشے کا جرمانہ 3000 سے کم ہو کر 1000 روپے مقرر کیا گیا ہے، تاہم سنگین خلاف ورزی کی صورت میں 2000 روپے جرمانہ برقرار رکھا جائے گا۔

اسی طرح کار اور جیپ کے چالان میں بھی کمی کرتے ہوئے اسے 5000 سے کم کر کے 3000 روپے کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق اوور اسپیڈنگ کے جرمانوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، تاکہ ٹریفک قوانین کی پاسداری یقینی بنائی جا سکے۔

2000 سی سی اور اس سے زائد لگژری گاڑیوں کیلئے جرمانہ 20 ہزار سے کم کر کے 10 ہزار روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ ان کیلئے کم سے کم جرمانہ 2000 اور زیادہ سے زیادہ 10 ہزار مقرر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:نوجوانوں کیلئے 25 لاکھ جیتنے کا موقع، ابھی اپلائی کریں

مزید برآں مزدا، کوسٹر اور دیگر چھوٹی مسافر گاڑیوں کا جرمانہ 20 ہزار سے کم کر کے 7000 روپے کر دیا گیا، جبکہ ٹرکوں، بسوں اور دیگر بھاری گاڑیوں کے جرمانے بھی 20 ہزار سے کم کر کے 10 ہزار روپے مقرر کیے گئے ہیں۔