لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کسان ونگ کے رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی میاں اعجاز شفیع نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں معمولی کمی اور ڈیزل کی قیمت میں ہوشربا اضافہ زرعی معیشت کو تباہ کرنے کی کوشش ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مہنگی پٹرولیم مصنوعات: پی ٹی آئی کا اے پی سی بلانیکا فیصلہ
انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو آگاہ کرے کہ ایران اسرائیل جنگ کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیوں اضافہ کیا گیا، امریکی صدر اور پاکستان کے ڈپٹی وزیراعظم کے بیانات کے مطابق حالیہ تنازع کے دوران پاکستان کو بھی آبنائے ہرمز سے تیل بردار جہاز لانے کی اجازت تھی اس کے باوجود قیمتوں میں اضافہ سمجھ سے بالاتر ہے۔
رکن صوبائی اسمبلی بریگیڈیئر (ر) محمد مشتاق نے کہا کہ وفاقی وزراء کی جانب سے قیمتوں میں اضافے ، وزیراعظم کی جانب سے کمی اور وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے ٹرانسپورٹ میں مفت سفری سہولیات کی فراہمی عوام کے ساتھ کھلا تضاد ہے جس کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے خبردار کیا کہ مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو ملک گیر احتجاج اور ٹریکٹر بند تحریک شروع کی جائے گی۔