پنجاب ہائی وے پٹرول (پی ایچ پی) سے ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کے اختیارات میں بڑی کمی کر دی گئی، جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اب پنجاب ہائی وے پٹرول صرف موٹر سائیکل کے لائسنس جاری کر سکے گی جبکہ موٹر کار، جیپ، ٹریکٹر اور دیگر گاڑیوں کے لائسنس بنانے کا اختیار واپس لے لیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ ایڈیشنل آئی جی، پنجاب ہائی وے پٹرول کی جانب سے جاری کیا گیا ہے، جس کی بنیادی وجہ کرپشن اور بے ضابطگیوں کی بڑھتی ہوئی شکایات بتائی گئی ہیں، حکام کے مطابق شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے یہ قدم ناگزیر ہوگیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: مفت پٹرول حاصل کرنے کا طریقہ جانیے
یاد رہے کہ پنجاب پولیس نے ستمبر 2023 کو ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے پی ایچ پی کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کے اختیارات دیے تھے، اس اقدام کا مقصد شہریوں کو سہولت فراہم کرنا اور ٹریفک پولیس دفاتر پر دباؤ کم کرنا تھا تاکہ ہائی ویز پر سفر کرنے والے افراد کو موقع پر ہی سہولت مل سکے۔
اس وقت پنجاب ہائی وے پٹرول کو موٹر وہیکل آرڈیننس کے تحت مختلف اقسام کے لائسنس جاری کرنے کی اجازت دی گئی تھی، جن میں کار، جیپ اور موٹر سائیکل شامل تھیں، تاہم حالیہ فیصلے کے بعد یہ دائرہ اختیار محدود کر دیا گیا ہے۔
اب شہریوں کو کمرشل اور دیگر بڑی گاڑیوں کے لائسنس کے لیے دوبارہ ٹریفک پولیس کے ڈرائیونگ لائسنس سسٹم (DLIMS) سے رجوع کرنا ہوگا جبکہ موٹر سائیکل لائسنس کے لیے پی ایچ پی کی سہولت ابھی بھی برقرار ہے۔