توانائی بحران: پاکستان کیلئے بڑے امدادی پیکج کا اعلان
مشرقی وسطیٰ میں کشیدگی
ایشیائی ترقیاتی بینک نے متاثرہ معیشتوں کی مدد کے لیے خصوصی امدادی پیکج کا اعلان کیا/ فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) مشرقی وسطیٰ میں کشیدگی کے دوران ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان سمیت متاثرہ ممالک کیلئے امدادی پیکج کا اعلان کر دیا۔

مشرقی وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور ایران جنگ کے باعث پیدا ہونے والے توانائی بحران کے درمیان پاکستان کے لیے ایک مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں ایشیائی ترقیاتی بینک نے متاثرہ معیشتوں کی مدد کے لیے خصوصی امدادی پیکج کا اعلان کر دیا۔

گزشتہ کئی روز سے جاری صورتحال کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس نے مختلف ممالک کی معیشتوں پر دباؤ بڑھا دیا ہے، اس پس منظر میں اے ڈی بی نے پاکستان سمیت ترقی پزیر ممالک کو سہارا دینے کے لیے عملی اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بڑی گراوٹ

بینک کی جانب سے جاری پیکج بجٹ سپورٹ، تجارتی اور سپلائی چین فنانسنگ کے ساتھ ساتھ تیل کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے معاونت بھی شامل کی گئی ہے تاکہ توانائی کی ضروریات پوری کی جا سکیں اور معیشت پر بوجھ کم ہو۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر مارساٹوا کانڈا نے کہا کہ موجودہ حالات میں متاثرہ ممالک کو فوری مالی مدد فراہم کرنا ناگزیر ہے تاکہ معاشی دباؤ کم کیا جا سکے اور طویل مدتی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بینک خطے میں بدلتی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، خاص طور پر توانائی کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، مہنگائی کے دباؤ اور بیرونی کھاتوں کے توازن جیسے عوامل کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔