باجوڑ میں مقامی مفتی احسان الحق کی جانب سے عیدالفطر منانے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ بنوں میں بھی متعدد شہادتیں موصول ہونے کے بعد ڈسٹرکٹ خطیب مفتی عبدالغنی نے کل بروز جمعہ عید منانے کا اعلان کر دیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبد الخبیر آزاد نے کی ، اجلاس میں اراکین رویت ہلال کمیٹی کے علاوہ سپارکو، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے نمائندے بھی شریک تھے۔
علاوہ ازیں تمام زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے صدر مقام پر منعقد ہوئے ، ملک بھر سے کہیں بھی چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے صدر مقام پر ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: شوال کا چاند نظر نہیں آیا، پاکستان میں عید ہفتے کو ہو گی
ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں بیشتر اضلاع میں مطلع بادلوں کی لپیٹ میں ہے، ملک کے کسی بھی حصے سے شوال المکرم کے چاند کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، جو شہادتیں موصول ہوئیں وہ شرعی معیار پر پورا نہیں اترتیں لہذا پاکستان میں یکم شوال ہفتہ کے روز ہو گی، ملک میں عید الفطر بروز ہفتہ منائی جائے گی۔
دوسری جانب ڈی جی پنجاب اوقاف شاہد حسن کلیانی نے بتایا کہ آج ماہ شوال المکرم 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے زونل کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، ہمارے ساتھ محکمہ موسمیات کے نمائندے بھی موجود رہے، مطلع ابرآلود ہے بارش بھی ہو رہی ہے، لاہور اور پنجاب سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔