رحیم یار خان: امدادی رقم لینے آئی 8 خواتین چھت گرنے سے جاں بحق
رحیم یار خان میں بینظیربھٹو انکم سپورٹ کی امدادی رقم لینے کے لئے آنے والی 8 خواتین چھت گرنے سے جان بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئیں۔
فائل فوٹو
رحیم یار خان : (سنو نیوز) رحیم یار خان میں بینظیربھٹو انکم سپورٹ کی امدادی رقم لینے کے لئے آنے والی 8 خواتین چھت گرنے سے جان بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئیں۔

رپورٹ کے مطابق چھت گرنے کا افسوسناک واقعہ رحیم یار خان کے نواحی علاقے ‏چک نمبر 125 میں پیش آیا جہاں واقع دکان کی چھت پر امدادی رقم لینے کے لیے آئی خواتین بڑی تعداد میں موجود تھیں، زیادہ رش کے باعث کمزور چھت وزن برداشت نہ کر سکی اور اچانک گر گئی۔

افسوسناک واقعہ میں 8 خواتین موقع پر ہی دم توڑ گئیں جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئیں، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں، ریسکیو ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والی خواتین میں شہناز زوجہ منور نواز، مریم زوجہ یار محمد، بختاور زوجہ فضل دین، انور مائی زوجہ در محمد، چرخی مائی زوجہ گوگی، پروین اختر زوجہ بشیر احمد، حلیمہ بی بی زوجہ مصطفیٰ اور زلیخہ بی بی زوجہ عبدالرشید شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بینظیر کفالت پروگرام کی رقم میں حیران کن اضافہ

ڈپٹی کمشنر کے مطابق حادثے میں 57 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے ایک خاتون کی حالت تشویش ناک ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے رحیم یار خان میں چھت گرنے کے افسوسناک واقعہ میں 8 خواتین کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی و تعزیت کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے متعلقہ حکام کو زخمی خواتین کے بہترین علاج معالجے کی ہدایت کی اور ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان سے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کر لی۔ 

ضرور پڑھیں