اس منصوبے کا مقصد ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو معیاری رہائش، جدید سہولیات اور فطرت کے قریب ایک منفرد اور پُرسکون قیام کا تجربہ فراہم کرنا ہے۔
نئے قائم کیے گئے اس ریزورٹ میں مجموعی طور پر سات پوڈز اور چار ٹری ہاؤسز تعمیر کیے گئے ہیں جو قدرتی ماحول میں سیاحوں کو منفرد اور پُرسکون قیام کا تجربہ فراہم کریں گے۔ ان رہائشی یونٹس کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ سیاح آرام دہ اور خوشگوار ماحول میں اپنی قیام گاہ سے لطف اندوز ہو سکیں۔
اس بات کا خصوصی خیال رکھا گیا ہے کہ یہاں فیملیز کے لئے بہترین ماحول اور سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔ پوڈز میں آرام دہ بیڈز، منی کچن اور سٹنگ ایریاز سمیت دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی گئی ہیں جبکہ ٹری ہاؤسز کو ماحول دوست سیاحت کے تصور کے تحت تعمیر کیا گیا ہے تاکہ سیاح فطرت کے قریب رہتے ہوئے ایک محفوظ اور منفرد تجربہ حاصل کر سکیں۔
ریزورٹ میں سیاحوں کی تفریح کے لیے ریستوران، اے ٹی وی رائیڈز، اسٹار گیزنگ اور ہائیکنگ ٹریل ایریا جیسی سرگرمیوں کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے جس سے یہاں آنے والے سیاح مکمل تفریحی اور پُرلطف تجربہ حاصل کر سکیں گے۔
ٹی ڈی سی پی پنجاب کے مختلف سیاحتی مقامات پر جدید سہولیات کی فراہمی کے ذریعے سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ اس منصوبے سے نہ صرف کوٹلی ستیاں اور گردونواح میں سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ مقامی معیشت کو تقویت ملے گی اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
ٹی ڈی سی پی کے مطابق آئندہ بھی صوبے کے دیگر خوبصورت سیاحتی مقامات پر اسی طرز کے مزید منصوبے متعارف کروائے جائیں گے تاکہ سیاحوں کو محفوظ، معیاری اور منفرد سیاحتی تجربات فراہم کیے جا سکیں۔
ذرائع کے مطابق کوٹلی ستیاں میں ٹورازم ڈیپارٹمنٹ جلد ایک چیئر لفٹ منصوبہ بھی شروع کرنے جا رہا ہے جس سے مری میں سیاحوں کے بڑھتے ہوئے رش کو کم کرنے میں مدد ملے گی اور سیاحت کو متبادل مقامات تک وسعت دی جا سکے گی اور حکومت پنجاب کے ویژن میگنفیسنٹ پنجاب کے تحت پاکستان میں سیاحت کے شعبے کو مزید فروغ مل سکے گا۔