حج پروازوں کا شیڈول تبدیل نہیں کیا جا رہا: وزارت مذہبی امور
وزارتِ مذہبی امور
عید الفطر کے فوری بعد حج شیڈول کا اعلان کیا جائے گا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) وزارتِ مذہبی امور سعودی مقررہ ٹائم فریم کے اندر رہتے ہوئے حج 2026 کی تیاریوں کو حتمی شکل دے رہی ہے۔ مشرقِ وسطٰی کی کشیدہ صورتحال کے تناظر میں حج پروازوں کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں لائی جا رہی، عید الفطر کے فوری بعد حج شیڈول کا اعلان کیا جائے گا جس میں مکہ اور مدینہ میں رہائش، مکاتب اور دیگر مکمل تفصیلات شامل ہوں گی۔

ترجمان وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے مشرقِ وسطٰی کی موجودہ کشیدہ صورتحال کے باعث حج پروازوں کے شیڈول کی معطلی سے متعلق بعض اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں اور حج 2026 کے تمام انتظامات طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان ریلویز کا عید پر 4 سپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان

ترجمان نے بتایا کہ اس وقت عازمین حج کے ویزوں کے اجرا اور دیگر ضروری انتظامات کا عمل پوری تندہی کے ساتھ جاری ہے۔ وزارتِ مذہبی امور اس بات کو یقینی بنانے کیلئے متحرک ہے کہ عازمین کی روانگی سے متعلق تمام مراحل بروقت مکمل ہو سکیں۔

وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان نے عازمین حج سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں پر توجہ نہ دیں اور حج سے متعلق معلومات کیلئے صرف وزارتِ مذہبی امور کے جاری کردہ سرکاری اعلانات اور مستند ذرائع پر ہی اعتماد کریں۔
 

ضرور پڑھیں