پاکستان ریلویز کا عید پر 4 سپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان
Pakistan Railways Eid trains
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) وزیر ریلوے کی ہدایت پر پاکستان ریلویز نے عید الفطر کے موقع پر چار خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے تاکہ مسافروں کو سفر میں سہولت فراہم کی جا سکے۔

ریلویز حکام کے مطابق یہ اقدامات عید کے دوران مسافروں کے بڑھتے ہوئے سفر کے حجم کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے گئے ہیں۔

پہلی عید سپیشل ٹرین 16 مارچ کو لاہور سے کراچی کیلئے روانہ ہوگی، دوسری سپیشل ٹرین 17 مارچ کو کوئٹہ سے راولپنڈی کیلئے، جبکہ تیسری عید سپیشل ٹرین 17 مارچ کو کراچی سے پشاور کیلئے چلائی جائے گی۔ چوتھی اور آخری عید سپیشل ٹرین 18 مارچ کو کراچی سے لاہور کیلئے روانہ ہوگی۔

پاکستان ریلویز کے حکام نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ ٹکٹوں کی پیشگی بکنگ کرائیں تاکہ عید کے دوران سفر کے دوران کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

عید کی خصوصی ٹرینوں کے تمام اسٹیشنز پر اضافی سہولیات اور سیکیورٹی کے انتظامات کیے جائیں گے تاکہ مسافروں کا سفر محفوظ اور آرام دہ ہو۔

یہ بھی پڑھیں:رمضان پیکج کے مستحق افراد کے لئے بڑی خوشخبری

وزیر ریلوے کا کہنا ہے کہ ریلویز عید کے موقع پر عوام کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی، مسافروں کے سفر کو آسان بنانے کیلئے اقدامات جاری رہیں گے، اس خصوصی انتظام کے تحت مسافروں کو وقت پر روانگی اور محفوظ سفر کی ضمانت دی جائے گی۔

دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ عید سپیشل ٹرینیں ملک کے اہم شہروں کے درمیان سفر کو آسان بنائیں گی اور عید کے موقع پر خوشگوار اور سہل سفر کا موقع فراہم کریں گی۔

ضرور پڑھیں