حکومت کا موٹرسائیکل سواروں کو پیٹرول مفت دینے کا اعلان
گورنر سندھ کامران ٹیسوری
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے پریشان موٹرسائیکل سواروں کو عید تک پیٹرول مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک): پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے پریشان موٹرسائیکل سواروں کو عید تک پیٹرول مفت فراہم کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے موٹرسائیکل سواروں کو عید تک 3 لیٹر پیٹرول مفت فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل یا پرسوں اچانک شہر کے کسی بھی پمپ پر جاؤں گا اور اس وقت پمپ پر موجود موٹرسائیکل سواروں کو پیٹرول بھروا کر دیں گے۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ جو لوگ مہنگائی کے دور میں ہزار روپے کا پیٹرول نہیں دلوا سکتے ان کیلیے یہ عید کا تحفہ ہوگا، اس وقت خطہ حالت جنگ میں ہے دعا کریں اس میں امن قائم ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگ طویل ہوئی تو پیٹرول اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں بڑھیں گی، وزیر اعظم شہباز شریف کے کفایت شعاری پلان پر ہمیں بھی عمل کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس میں آخری عشرے کی تمام افطار پارٹیاں منسوخ کر دی ہیں تاہم شہریوں کیلیے امیدِ رمضان دسترخوان بدستور جاری رہے گا، میں نے بطور مہمان اپنی تمام افطار مصروفیات منسوخ کر دی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عیدالفطر کب ہوگی؟ تاریخ سامنے آگئی

یاد رہے گزشتہ دنوں حکومت پاکستان نے پیٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 55 روپے کے اضافے کا اعلان کیا جس کی وجہ ایران پر امریکی و اسرائیلی حملے اور تہران کے جوابی حملوں کے نتیجے میں عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ بتائی گئی تھی۔

اس اعلان کے بعد ملک میں اس ہفتے کے لیے ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 335.86 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت 266.17 روپے فی لیٹر سے بڑھا کر 321.17 روپے فی لیٹر کر دی گئی، یہ قیمتوں میں تقریباً 17 فیصد کا اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ اعلان وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے ہمراہ جمعے کی شب اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
 

ضرور پڑھیں