این ڈی ایم اے کے مطابق 9 سے 12 مارچ کے دوران خیبر پختونخوا، پنجاب، کشمیر اور گلگت کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے، خطہ پوٹھوہار بشمول اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور میانوالی میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران آندھی اور ہلکی بارش متوقع ہے۔
حکام کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار کے بالائی علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے، جبکہ 9 سے 11 مارچ کے دوران خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آندھی کے ساتھ ہلکی بارش کی پیشگوئی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا مختلف اضلاع چترال، دیر، ہری پور، کرک، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم، مانسہرہ، مہمند، نوشہرہ، مالاکنڈ، چارسدہ، ایبٹ آباد، بنوں، بونیر، پشاور، صوابی اور گردونواح میں بادل برسیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ہلکی ہواؤں سے موسم خوشگوار، بارش ہوگی یا نہیں؟
اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں 9 سے 11 مارچ کے دوران چند مقامات پرہلکی بارش اور موسم جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ استور، گلگت، اسکردو، دیامر، غذر، ہنزہ، نگر، مظفرآباد، نیلم، ہٹیاں بالا، باغ، حویلی اور پونچھ کے علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔
ترجمان نے کہا کہ این ڈی ایم اے تمام متعلقہ اداروں اور عوام کو موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات سے پیشگی آگاہی یقینی بنا رہا ہے۔