ہلکی ہواؤں سے موسم خوشگوار، بارش ہوگی یا نہیں؟
Lahore weather update
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہلکی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آئندہ چند گھنٹوں کے دوران بارش کے امکانات صرف 5 سے 10 فیصد تک ہیں، جس کے باعث شہریوں کو بارش کی توقع کم ہی رکھنی چاہیے۔ آج شہر کا درجہ حرارت تقریباً 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہلکی ٹھنڈی ہوائیں چلنے کے باعث موسم نسبتاً بہتر محسوس کیا جا رہا ہے۔

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ اگرچہ موسم خوشگوار ہے، تاہم فضائی آلودگی بدستور لاہور کیلئے ایک بڑا مسئلہ بنی ہوئی ہے۔ شہر میں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) خطرناک حد تک بلند ہے جس کی وجہ سے لاہور ملک کا چوتھا آلودہ ترین شہر بن گیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق لاہور کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 249 ریکارڈ کیا گیا، برکی روڈ کے علاقے میں آلودگی کی سطح سب سے زیادہ دیکھی گئی جہاں AQI 284 تک پہنچ گیا، جبکہ سی آئی پی آر آفس کے علاقے میں 263 اور بیدیاں روڈ پر 217 ریکارڈ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:ایل پی جی کی قیمت میں بڑا اضافہ

ماہرین صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ آلودگی کی زیادہ سطح کے باعث غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، خصوصاً بچے، بزرگ اور سانس کے مریض احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ ہلکی ہواؤں کے باعث موسم میں بہتری ضرور آئی ہے، تاہم اگر بارش ہو جائے تو فضائی آلودگی میں مزید کمی آسکتی ہے۔

ضرور پڑھیں