جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ کی سربراہی میں جسٹس صلاح الدین پنہور اور جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل سپریم کورٹ کا تین رکنی بنچ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف درج مقدمات کی سماعت کرے گا، سابق وزیراعظم کے کیسز 18 فروری کو سماعت کے لیے مقرر کیے گئے ہیں۔
سپریم کورٹ میں توشہ خانہ فوجداری کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ معطلی کی بجائے سزا معطل کرنے کے فیصلے کے خلاف اپیل سماعت کیلئے مقرر کی گئی ہے، بانی تحریک انصاف کی ضمانت کے خلاف پنجاب حکومت کی اپیل سماعت کیلئے مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح 9 مئی کو لاہور میں درج مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت کے خلاف سرکار کی اپیل سماعت کیلئے مقرر ہوئی ہے جبکہ ہتک عزت کیس میں وزیراعظم شہباز شریف کے خلاف بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اپیلوں کو سماعت کے لئے مقرر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی اڈیالہ سے اسلام آباد جیل منتقلی کا فیصلہ
علاوہ ازیں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی اور وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کا بھی ایک، ایک کیس سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے، بشریٰ بی بی کی ضمانت کے خلاف پنجاب حکومت کی اپیل جبکہ سائفر کیس میں عمران خان اورشاہ محمود قریشی کی بریت کے خلاف اپیلوں پر سماعت مقرر کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے ان کیسز پر 9 فروری کو تین رکنی بنچ بنانے کی ہدایت کی تھی۔