اسلام آباد خودکش حملے کا ماسٹر مائنڈ گرفتار، 4 سہولتکار بھی پکڑے گئے
Islamabad suicide attack
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے ہولناک خودکش حملے کی تحقیقات میں سکیورٹی اداروں کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

اسلام آباد کے مضافاتی علاقے ترلائی کلاں میں امام بارگاہ و مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں ہونے والے خودکش دھماکے کا افغانی ماسٹر مائنڈ گرفتار کر لیا گیا، جبکہ حملے میں معاونت کرنے والے 4 سہولتکار بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تحویل میں ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق انٹیلیجنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے پشاور اور نوشہرہ میں متعدد چھاپے مارے۔ یہ آپریشنز جدید ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر کیے گئے، جن کے نتیجے میں اہم گرفتاریاں عمل میں آئیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار کیا گیا ماسٹر مائنڈ افغان شہری ہے اور اس کا تعلق کالعدم تنظیم داعش سے بتایا جا رہا ہے۔

تحقیقات کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار سہولتکاروں نے خودکش حملہ آور کو لاجسٹک مدد، رہائش اور نقل و حرکت میں سہولت فراہم کی۔ سکیورٹی ادارے گرفتار افراد سے مزید تفتیش کر رہے ہیں، جس سے مزید انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد دھماکا، خود کش بمبار کا بہنوئی کراچی سے گرفتار

یاد رہے کہ گزشتہ روز ہونے والے اس المناک خودکش دھماکے میں 33 افراد شہید جبکہ 150 سے زائد زخمی ہو گئے تھے، جن میں بڑی تعداد نمازیوں کی تھی۔ واقعے کے بعد شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی تھی اور حساس مقامات کی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی، ذمہ دار عناصر کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا۔