تھوڑا انتظار کریں، عمران خان کو رہا کرا لیں گے، سہیل آفریدی
KP Chief Minister Imran khan statement
فائل فوٹو
صوابی: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے پارٹی کارکنوں کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی اب زیادہ دور نہیں، صرف تھوڑا سا انتظار کریں۔

صوابی میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کارکنوں میں آج جو جوش اور جذبہ نظر آ رہا ہے، ایسا پہلے کبھی نہیں دیکھا۔

وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بیماری سے متعلق حقائق پارٹی، وکلا اور حتیٰ کہ ان کے اہل خانہ سے بھی چھپائے گئے، عمران خان کے ذاتی معالج تک کو رسائی نہیں دی جا رہی، جو انتہائی تشویشناک امر ہے۔

سہیل آفریدی نے جذباتی انداز میں کہا کہ کارکنوں کے جذبے اور عمران خان کے درمیان اب صرف چند لمحوں کا فاصلہ ہے، اور انشااللہ جلد اپنے لیڈر کو رہا کرا لیں گے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کی بیماری کو جان بوجھ کر پوشیدہ رکھا گیا، ان کا آپریشن رات کے اندھیرے میں کیا گیا اور اس کے بعد 5 دن تک پوری قوم سے یہ حقیقت چھپائی گئی، قوم کے ساتھ جھوٹ بولا گیا اور شفافیت کے تقاضے بھی پورے نہیں کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں:جے یو آئی (س) کے صوبائی امیر کی گاڑی پر فائرنگ، پوتے زخمی

سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ پارٹی کی جانب سے مسلسل مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی ملاقات ان کے ذاتی ڈاکٹر سے کرائی جائے، مگر اس پر بھی عمل نہیں ہو رہا، میں خود دو دن تک اڈیالہ جیل کے باہر موجود رہا، لیکن ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ ہمارے بڑوں نے ہمارے ہاتھ باندھے ہوئے ہیں، مگر اس کے باوجود جدوجہد جاری رہے گی۔