صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیر سٹرسلطان محمود انتقال کر گئے
Barrister Sultan Mahmood Chaudhry death
فائل فوٹو
مظفرآباد: (ویب ڈیسک) صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری طویل علالت کے باعث انتقال کر گئے۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور اسلام آباد کے ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں وہ خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ ان کے انتقال کی خبر پھیلتے ہی آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری آزاد کشمیر کی سیاست کا ایک نمایاں اور باوقار نام تھے۔ وہ نہ صرف صدرِ ریاست کے منصب پر فائز رہے بلکہ تحریکِ آزادی کشمیر کے عالمی مشیر کی حیثیت سے بھی ان کی خدمات کو نمایاں مقام حاصل تھا۔

انہوں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے مختلف بین الاقوامی فورمز پر بھرپور آواز بلند کی اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کیلئے مسلسل جدوجہد کی۔

خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کی نمازِ جنازہ کل سہ پہر 3 بجے ان کے آبائی گاؤں میرپور میں ادا کی جائے گی، جس میں سیاسی قیادت، اعلیٰ حکومتی عہدیداران، کشمیری رہنما اور عوام کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔

صدر ریاست کے انتقال پر آزاد کشمیر بھر میں سوگ کی فضا قائم ہے، حکومتِ آزاد کشمیر کی جانب سے بھی سرکاری سطح پر سوگ کا اعلان کر دیا گیا، جبکہ سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں:پی پی رہنما سینیٹرعاجز دھامراہ کے والد انتقال کر گئے

 

 

مختلف سیاسی جماعتوں، رہنماؤں اور سماجی تنظیموں نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی سیاسی، جمہوری اور تحریکِ آزادی کشمیر کیلئے خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا انتقال آزاد کشمیر اور تحریکِ آزادی کیلئے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے، جس کی کمی طویل عرصے تک محسوس کی جاتی رہے گی۔