پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی اور نجی رائیڈر کمپنیوں کے باہمی اشتراک سے یہ منصوبہ تیار کیا گیا ہے، جس کا مقصد بسنت کے دوران شہریوں کو محفوظ، آسان اور مفت سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر کے مطابق روزانہ تقریباً 6 لاکھ مسافر اس مفت سفر کی سہولت سے مستفید ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین ڈیرہ گجراں سے علی ٹاؤن تک روزانہ 2 لاکھ 70 ہزار مسافروں کو مفت سفری سہولت فراہم کرے گی۔ اسی طرح 64 میٹرو بسوں کے ذریعے شاہدرہ سے گجومتہ تک سفر کرنے والے شہری بھی بلا معاوضہ سفر کر سکیں گے، جس سے روزانہ ڈیڑھ لاکھ مسافروں کو فائدہ پہنچے گا۔
وزیر ٹرانسپورٹ کا مزید کہنا تھا کہ لاہور کے فیڈر روٹس کیلئے 188 بسیں 21 مختلف روٹس پر چلائی جائیں گی، جبکہ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے تحت 40 جدید الیکٹرک بسیں شہر کے 2 روٹس پر شہریوں کو مفت سفر کی سہولت فراہم کریں گی۔
یہ بھی پڑھیں:پتنگ اور ڈور کی قیمتیں قابو میں رکھنے کیلئے رجسٹریشن کی مدت میں توسیع
حکام کے مطابق بسنت کے دوران ٹریفک دباؤ کم کرنے، شہریوں کی سہولت اور ماحول دوست سفر کو فروغ دینے کیلئے یہ اقدام کیا گیا ہے۔
شہریوں نے حکومت کے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مفت ٹرانسپورٹ سے بسنت کی خوشیاں دوبالا ہو جائیں گی۔