مینوفیکچررز اور ٹریڈرز کی رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے اب اس عمل کو 8 فروری تک جاری رکھنے کا اعلان کر دیا گیا، اس سے قبل آن لائن پورٹل پر رجسٹریشن کی آخری تاریخ 31 جنوری مقرر تھی۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق رجسٹریشن کی مدت میں توسیع کا بنیادی مقصد مارکیٹ میں قیمتوں کا توازن برقرار رکھنا اور غیر ضروری مہنگائی کو روکنا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رجسٹرڈ تاجروں اور مینوفیکچررز کے ذریعے ہی پتنگ اور ڈور کی فروخت کی اجازت دی جائے گی تاکہ معیار، قیمت اور حفاظتی اقدامات پر مؤثر نگرانی ممکن بنائی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق دیگر شہروں اور صوبوں سے ایس او پیز کے تحت پتنگ اور ڈور کی درآمد کی اجازت دیے جانے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد زیادہ سے زیادہ تاجر اور مینوفیکچررز قانونی دائرہ کار میں آ کر رجسٹریشن مکمل کریں، جس سے سپلائی میں اضافہ ہوگا اور قیمتیں قابو میں رہیں گی۔
یہ بھی پڑھیں:نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کی فراہمی کیلئے پرواز کارڈ کا اجراء
انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ رجسٹریشن کے بغیر پتنگ اور ڈور کی تیاری، ترسیل یا فروخت کی اجازت نہیں ہوگی، خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ بسنت کے موقع پر امن و امان اور شہریوں کی حفاظت کو بھی ترجیح دی جا رہی ہے، اسی لیے انتظامی ادارے مارکیٹوں کی مسلسل نگرانی کریں گے۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس اقدام سے بسنت کے دوران پتنگ اور ڈور مناسب قیمتوں پر دستیاب ہوں گی اور ناجائز منافع خوری کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔