وزارت مذہبی امور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عازمین حج کی سہولت کے لیے’سعودی ویزا بائیو‘ موبائل ایپ متعارف کرائی گئی ہے، جس کے ذریعے امیدوار گھر بیٹھے اپنی بائیو میٹرک مکمل کر سکتے ہیں۔ اس جدید سہولت کا مقصد عازمین کو لمبی قطاروں، سفر کی مشکلات اور وقت کے ضیاع سے بچانا ہے تاکہ حج کی تیاری کا عمل آسان اور شفاف بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کی فراہمی کیلئے پرواز کارڈ کا اجراء
ترجمان نے مزید بتایا کہ اگر کسی عازم کے لیے موبائل ایپ کے ذریعے بائیو میٹرک مکمل کرنا ممکن نہ ہو تو وہ سعودی تاشیر سینٹر سے رجوع کر سکتا ہے۔ ایسے تمام عازمین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 8 فروری سے قبل اپنے قریبی سعودی تاشیر سینٹر جا کر بائیو میٹرک لازمی طور پر مکمل کروائیں، کیونکہ مقررہ تاریخ کے بعد بائیو میٹرک نہ ہونے کی صورت میں حج ویزا کے اجرا کا کوئی امکان نہیں ہوگا۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق عازمین کی رہنمائی کے لیے سعودی تاشیر سینٹرز کے مکمل پتے، اوقاتِ کار اور دیگر ضروری معلومات پاک حج موبائل ایپ پر فراہم کر دی گئی ہیں۔ عازمین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بروقت ان معلومات سے استفادہ کریں اور آخری وقت کا انتظار نہ کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بائیو میٹرک نظام کا مقصد حج کے عمل کو مزید محفوظ، منظم اور بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانا ہے۔ وزارت مذہبی امور نے تمام عازمین سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے پہلے اپنی بائیو میٹرک مکمل کر کے حج ویزا کے عمل کو یقینی بنائیں، کیونکہ اس مرحلے میں کسی قسم کی کوتاہی براہِ راست ان کے حج سفر کو متاثر کر سکتی ہے۔